جاپانی ہم منصب

شاہ محمود قریشی کا جاپانی ہم منصب کو ٹیلیفون ، دورہ جاپان موخر کر نے کی وجوہات سے آگاہ کیا

اسلام آباد :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب تارو کونو کو ٹیلیفو ن کر کے اپنا حالیہ دورہ جاپان موخر کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال جاپان کی اعلیٰ شخصیات کے متواتر دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات میں بہت بہتری آئی اسی تناظر میں آپ کی دعوت پر مجھے 24 فروری کو جاپان کے دورے پر روانہ ہونا تھا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بدقسمتی سے پلوامہ واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اس کشیدگی کو کم کرنے کیلئے، بذریعہ خط اپنا کردار ادا کرنے کا کہا ہے اور جاپان کو بھی اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں میری اپنے ملک میں موجودگی ناگزیر ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ان وجوہات کی بنا پر مجھے اپنا دورہ جاپان موخر کرنا پڑا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کا جلد از جلد باہمی مشاورت سے دورہ جاپان کی نئی تاریخ طے کرنے پر اتفاق کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ جاپان اور پاکستان کے مابین دیرینہ دو طرفہ دوستانہ مراسم ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں نے جاپانی وزیر خارجہ سے گذارش کی ہے کہ وہ اپنے وزیر اعظم کو بھی ان تمام حالات سے آگاہ کریں گے جن کے سبب یہ دورہ موخر کرنا پڑا ۔جاپانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ پاکستان جب دورہ جاپان پر تشریف لائیں گے تو ان کی ملاقات وزیر اعظم جاپان سے بھی کرائی جائے گی ۔