کراچی/لاہور: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)فور کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ سینٹرز پر جاری ہے اور فائنل میچ کے 500روپے اور2000ہزار روپے والے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔
پاکستان میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی تو فائنل سمیت آٹھ میچز کے ٹکٹ خریدنے کیلئے شائقین کا کھڑکی توڑ رش دیکھنے میں آیا۔منچلے صبح سویرے سے ہی نجی کوریئر کی برانچز پر پہنچ گئے۔ تین گھنٹوں میں چودہ ہزار ٹکٹ بک گئے۔ فائنل کے پانچ سو اور دو ہزار والے ٹکٹ مکمل ختم، کوئی صبح سویرے پہنچا تو کسی نے رات سے ہی کورئیر کمپنی کے باہر ڈیرا ڈال رکھا تھا۔ پی ایس ایل کے 8میچز پاکستان میں ہوں گے جس ے ٹکٹ نجی کوریئر سروس کی 55مختلف برانچز پر دستیاب ہیں اور شائقین کرکٹ لائنوں میں لگ کر ٹکٹ حاصل کر رہے ہیں۔کراچی کے 27، لاہور کے 12، گوجرنوالہ کے 3، حیدرآباد اور راولپنڈی کے 2،2 سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے، شہری ایک شناختی کارڈ پر 5ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 30ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور فائنل میچ کے تقریبا 18ہزار ٹکٹ نجی کمپنی کو فروخت کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ فائنل میچ کے 500روپے والے ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔
لاہور اور کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس 500روپے سے 3ہزار روپے تک ہیں جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میچز کے ٹکٹس 500روپے سے 8ہزار روپے تک ہیں۔ کراچی میں 7مارچ کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا مقابلہ رات 7بجے ہوگا جب کہ 9مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔10مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسی روز لاہور میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ایونٹ کا ایک ایلیمینیٹر میچ لاہور میں ہوگا جب کہ کراچی میں 13 مارچ کو کوالیفائر اور 15 مارچ کو ایلیمینیٹر میچ کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں 17 مارچ کو ہوگا۔اس سے قبل میچز کے آن لائن ٹکٹس بھی فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو مجموعی ٹکٹوں کا 20 فیصد تھا، ایسے شائقین جو آن لائن ٹکٹ بک کروا چکے ہیں لیکن انہوں نے ہوم ڈلیوری کا آپشن استعمال نہیں کیا، انہیں مقررہ سینٹر پر جاکر اپنا ٹکٹ وصول کرنا ہوگا۔