لاہور(لاہورنامہ) جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں میں 100نئے ہاؤس آفیسرز تعینات کر دیے گئے ہیں،امیر الدین میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کرنے والے ان نئے ہاؤس آفیسرز کو حکومت پنجاب کی طرف سے ماہانہ 45ہزار روپے سے زائد مشاہرہ دیا جائے گا جبکہ یہ ہاؤس آفیسرز ایل جی ایچ میں 31مئی2023تک اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے بتایا کہ یہ اس میڈیکل کالج کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ایم بی بی ایس پاس کرنے والے سٹوڈنٹس کو لاہور جنرل ہسپتال جیسے تاریخی اور معیاری ادارے میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جہاں انہیں مریضوں کے علاج معالجے اور میڈیکل کے شعبے کا عملی تجربہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان ایک سو ہاؤس آفیسرز سے جنرل ہسپتال کے معالجین کی ٹیم مزید مستحکم ہو گی اور مریضوں کو بھی علاج معالجے کی بہتر سہولتیں حاصل ہو سکیں گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے نئے ہاؤس آفیسرز کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پیشہ وارانہ لگن اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو برؤئے کار لائیں گے اور امیر الدین میڈیکل کالج میں حاصل کردہ تعلیم کو تجربے کے سانچے میں ڈھالتے ہوئے عملی زندگی میں ایسی پیش قدمی کریں گے جو آنے والے دنوں میں خود اُن کے لئے بھی مددگار ثابت ہو سکے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی کاکہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میڈیکل کا شعبہ بہت زیادہ وسعت اختیار کر چکا ہے،کوئی ڈاکٹر اپنے آپ کو پرفیکٹ قرار نہیں دے سکتا، تعلیم، تحقیق اور نئے سے نئے رحجان کو سامنے لانا مسلسل عمل ہے جس کے لئے ہر ڈاکٹرکو خود کو دنیا میں ہونے والی میڈیکل ریسرچ اور ترقی سے ہم آہنگ رکھنا ہوگا۔
اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے ہاؤس آفیسرز نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنے فرائض منصبی محنت،لگن اور دیانتداری کے ساتھ ادا کریں گے اور اساتذہ سے حاصل کرنے والی تعلیم کو مریضوں کی دیکھ بھال اور بہتری کے لئے قابل عمل بنائیں گے۔