بیجنگ (لاہورنامہ)شنگھائی کا پدونگ نیو ایریا آٹو پارٹس کی پیداوار کے لحاظ سے اہم ترین علاقہ ہے جہاں ملک کے مجموعی طور پر 10 فیصد آٹو پارٹس تیار کیے جاتے ہیں ۔
شنگھائی میں وبائی صورتحال کے بعد متعدد کمپنیوں کو پیداوار میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم یکم جون سے شنگھائی میں معمولات زندگی کی مکمل بحالی اور پیداواری سرگرمیوں کی دوبارہ شروعات کے بعد ” آٹو موٹیو انڈسٹری چین” سے وابستہ کمپنیوں نے بھی معمول کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ہے۔
شہر میں اچانک شدید وبائی صورتحال کے تناظر میں مارچ کے اواخر سے 1,000 سے زائد صنعتی ادارے بند تھے تاہم اب انہوں نے بھرپور صلاحیت اور قوت کے ساتھ دوبارہ پیداوار شروع کر دی ہے۔حکام کی جانب سے وبا کی روک تھام اور کنٹرول کو یقینی بناتے ہوئے ایسے تمام کاروباری اداروں کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے جنہوں نے پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اقتصادی اور سماجی ترقی کو معمول کے ٹریک پر واپس لانے میں تیزی آئی ہے۔
4 جون تک، پدونگ نیو ایریا میں آٹو پارٹس کی تمام اہم کمپنیوں نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے، اور پیداواری صلاحیت بتدریج بحال ہو رہی ہے۔