لاہور: پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی میں ہوں گے ۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں شام 7 بجے ہوگا جبکہ لاہور میں پہلا میچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے مابین ہوگا ۔کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ10 مارچ کو کراچی میں 2 بجے دوپہر ہوگا۔ لاہور قلندر اور ملتان سلطانز کے مابین میچ 10 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام 7 بجے ہوگا ۔لاہور میں 12مارچ کو ایلیمینٹر میچ شام 7 بجے ہوگا جبکہ کراچی میں 13مارچ کو شام سات بجے کوالیفائر میچ ہوگا ۔کراچی میں دوسرا ایلمینیٹر میچ 15مارچ کو شام 7 بجے ہوگا جبکہ پی ایس ایل کا فائنل میچ اتوار 17مارچ کو کراچی سٹیڈیم میں شام 7 بجے ہوگا ۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل گف لاہور میں 9 مارچ کو شیڈول لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کو سپروائِز کریں گے جبکہ 10 مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ میں بھی وہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئی سی سی پینل میں شامل 29 سالہ مائیکل گف اب تک 8 ٹیسٹ، 49 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ وہ اب پہلی بار پی ایس ایل میں امپائرنگ کے فرائض نبھائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سرفراز احمد ،احمد شہزاد ،محمد نواز ،محمد اصغر ،صہیب مقصود ،عمر امین ،وہاب ریاض ،امام الحق ،حارث رﺅف ،حارث سہیل ،سلمان بٹ ،شاہین آفریدی ،یاسر شاہ اور دیگر کھلاڑی جو کہ پی ایس ایل کی مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں وہ پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی میں ہونے والے 8 میچز میں اپنی ہوم گراﺅنڈ اور کراﺅڈ کے سامنے کھیلنے کےلئے بہت پرجوش ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی تماشائی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی کمی کی وجہ سے اپنے ہیروز کو اپنی گراﺅنڈز میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں اور پاکستانی کھلاڑی بھی ہوم گراﺅنڈ میںپاکستانی تماشائیوں کے سامنے پرفارم کرنا چاہتے ہیں اور پی ایس ایل کے میچز کی وجہ سے ہمیں اس خواہش کو پورا کرنے کا بھرپور موقع ملتا ہے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں ہونے والے میچز میں اپنے تماشائیوں کے سامنے پرفارم کرنے کےلئے پرجوش ہیں۔میری خواہش ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کھیل کرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی سے ہمکنارکراں۔۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کا میاب ایونٹ بن چکا ہے ۔پی ایس ایل فور میں بھی اب تک منعقدہ مقابلے دلچسپ رہے، مختلف ٹیموں میں کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھارہے ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں سے انہیں کافی سیکھنے کا موقع مل رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہارجیت کی طرح انجریز بھی کھیل کا حصہ ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ لیگ کے دوران حفیظ سمیت کئی کرکٹرز کو باہر ہونا پڑا۔