زمین ڈاٹ کام

زمین ڈاٹ کام اور جے ایس بینک کا 50 کروڑ قرض کی منظوری پر اظہار مسرت

لاہور(لاہور نامہ) پاکستان کے موثر ترین رئیل اسٹیٹ ادارے زمین ڈاٹ کام اور معروف مالیاتی ادارے جے ایس بینک نے 50 کروڑ قرض کی منظوری پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اس میں سے 10 کروڑ روپے مالیت کا قرض اُن صارفین کو دیا جا چکا ہے جن کی آنکھوں میں اپنے گھر کا خواب ہے۔

زمین ڈاٹ کام اور جے ایس بینک کے سینئر عہدیداران اس پرمسرت موقع پر زمین ڈاٹ کام کے ریجنل آفس میں اکٹھے ہوئے جہاں انہوں نے اس سنگ میل کے حصول پر کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا۔

زمین ڈاٹ کام کی جانب سے ڈائریکٹر سیلز (سنٹرل) محمد حسن، کارپوریٹ سیلز منیجر محمد عمر فاروق اور اسسٹنٹ منیجر کارپوریٹ بزنس زائرہ جاوید جبکہ جے ایس بینک کی جانب سے ڈسٹری بیوشن ہیڈ (کنزیومر لینڈنگ) ذوالفقار علی لہری، چینل ہیڈ عادل مقصود، ریجنل چینل منیجر عدیل اور ریلشن شپ منیجر باقر عباس شریک تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے زمین ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر سیلز (سنٹرل) محمد حسن نے کہاکہ اپنی چھت ہر ایک کا خواب ہے اور زمین ڈاٹ کام اس خواب کو پورا کرنے کیلئے درکار ضروری مدد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے اور ہم اس بات پر جے ایس بینک کے مشکور ہیں انہوں نے بطور بزنس پارٹنر ہمارے ساتھ بہترین تعاون کیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زمین ڈاٹ کام کی خواہش ہے کہ وہ ملک بھرکے لوگوں کیلئے مناسب قیمتوں پر گھروں کی دستیابی کے حوالے سے مالیاتی حل کے مواقع تلاش کرنے کا عمل جاری رکھے۔

زمین ڈاٹ کام
جے ایس بینک کے ڈسٹری بیوشن ہیڈ (کنزیومر لینڈنگ) ذوالفقار علی لہری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جے ایس بینک کو فخر ہے کہ اُس نے زمین ڈاٹ کام کے ذریعے سے لوگوں کو اپنا گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض کے حصول کیلئے رہنمائی فراہم کی۔ اُنہوں نے مستقبل میں بھی زمین ڈاٹ کام کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ عوام اپنا گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکیں۔