متحدہ عرب امارات

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید النہیان کی دعوت پر یو اے ای پہنچ گئے

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید النہیان کی دعوت پر یو اے ای پہنچ گئے ہیں، دو روزہ کانفرنس میں شیخ رشید احمد پاکستان ریلوے کے منصوبہ جات اور نیٹ ورک کے حوالے سے دبئی انٹرنیشنل کنونشن اور ایگزیبیشن میں شریک ممالک کے وفود کو بریفنگ دیں گے۔

ترجمان وزارت ریلوے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دو روزہ مڈل ایسٹ ریل اینڈ سمارٹ موبیلیٹی کانفرنس 26 اور 27 فروری کو منعقد ہو رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید النہیان کی خصوصی دعوت پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں 7500 وفود اور 350 نمائش کار شرکت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کانفرنس کے دوران روس کے ڈپٹی وزیر ریلوے سمیت دیگر ممالک کے وزراءسے بھی ملاقاتیں کریں گے۔