لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ کے ہر شہری کیلئے تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے،جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کر رہے ہیں،ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو مد نظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں،جنوبی پنجاب کے متعدد مقامات میں سیاحت کے فروغ کا پوٹینشل موجود ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت کیلئے موزوں ترین علاقوں کو نظرانداز کرنا ماضی کے حکمرانوں کا بدترین عمل ہے،سیاحت بڑھے گی تو روزگار آئے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا،عوامی وزیراعلی ہوں، عوام کے درمیان جا کر خوشی محسوس ہوتی ہے۔جنوبی پنجاب میں آج بھی گنداپانی پیا جاتا ہے جبکہ صاف پانی کے پروگرام کے نام پر اربوں اجاڑ دیئے گئے۔