اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے لئے میٹرک کی تعلیم مفت

اسلام آباد(لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گلگت بلتستان، ضم شدہ اضلا ع اور بلوچستان بھر کے عوام کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کررہی ہے.

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی کے متعلقہ ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اس پیغام کواِن تینوں علاقوں تک پہنچادیں تاکہ اِن علاقوں میں علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمندیونیورسٹی کی اس سہولت سے محروم نہ رہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم کا کہنا ہے کہ اوپن یونیورسٹی پاکستان کے ہر شہری کو تعلیمی نیٹ ورک میں لانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے۔ اس مقصد کے لئے یونیورسٹی جیلوں میں مقید افراد ٗ معذور افراد ٗ خواجہ سراء اور شہدا کے بچیکو بھی مفت تعلیم فراہم کررہی ہے۔ وائس چانسلر کی خواہش ہے کہ ایک بھی نوجوان محض مالی وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے محروم نہ رہ جائے، اس مقصد کے لئے غریب اور مستحق طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت اور وظائف بھی دئیے جاتے ہیں۔

داخلہ فیس میں رعایت حاصل کرنے والی اسکیم سے کم آمدنی والے لیکن ایسے ذہین طلباء و طالبات سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے جو محض داخلہ فیس ادا کرنے کی استعداد نہ رکھنے کے باعث تعلیم ترک کردینے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ان منصوبوں پر عملدرآمد پاکستان کے چاروں صوبوں ٗ آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں موجودعلاقائی دفاتر کے ذریعے کیا جارہا ہے اور ان منصوبوں پر عملدرآمد میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ایک خصوصی معیار مقرر کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی کی قائم علاقائی کمیٹیاں طلبہ کی ضروریات کا جائزہ لیں گے اور فیس میں رعایت کی شرح کا تعین کرکے سفارشات پیش کریں گے۔سکالرشپس کی یہ اسکیمیں یقینی طور پر ملک سے ناخواندگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

سمسٹرخزاں 2022ء کے داخلے جاری ہیں، گلگت بلتستان، قبائلی علاقہ جات اور بلوچستان کے لوگوں، جیلوں میں مقید افراد، معذور افراد ٗ خواجہ سراء اور شہدا کے بچوں کے علاوہ غریب اور مستحق طلباء و طالبات کو ان سہولیات سے استفادہ کے لئے یونیورسٹی کے قریب ترین علاقائی دفتر سے جلد از جلد رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.