لاہور (لاہورنامہ) عمران خان کے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائرکی گئی۔
امن ترقی پارٹی پنجاب کے صدرمیاں آصف محمود کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں عمران خان، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ وکیلِ صدر امن ترقی پارٹی پنجاب نے درخواست میں مقف اپنایا کہ عمران خان نے 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان ابھی بھی ایم این اے ہیں ان کا استعفی منظورنہیں ہوا۔ وکیل درخواست گزار نے مقف اختیار کیا کہ عمران خان ایم این اے ہوتے ہوئے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ماضی میں عمران خان، بلاول بھٹو اور علیم خان نے ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیا۔
امن ترقی پارٹی پنجاب کے صدرمیاں آصف محمود نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ رولز میں ترمیم کرکے ایک شخص کو ایک ہی نشست سے الیکشن لینے میں حصہ لینے کا پابند کیا جائے۔ درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ عمران خان ایم این اے ہیں انہیں 9 نشستوں پرضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔