لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹریز،ایڈیشنل سیکرٹریزودیگرافسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک،ڈی جی خان میں زیرتعمیرانسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی، نرسنگ کالجزکی اپ گریڈیشن ودیگر اقدامات کاجائزہ لیا۔سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکومختلف ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ گنگارام ہسپتال لاہور میں زیرتعمیر600بستروں پر مشتمل مدراینڈچائلڈبلاک کوہرصورت مقررہ وقت پرمکمل کریں گے۔ڈی جی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ستمبرمیں فعال کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک پرجاری پیش رفت کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں بلڈبنکس کو مکمل فعال کیاجائے گا۔پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطر صحت سہولت کارڈ کیلئے مزیدسرکاری ونجی ہسپتالوں کو ام پینل کیاجارہاہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہماری حکومت نے پنجاب کے نرسنگ کالجزمیں داخلوں کا کوٹہ بڑھادیاتھا۔پنجاب کے ٹیچنگ سرکاری ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونااور ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔