حقیقی تبدیلی

ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا، محمد جاوید

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے سپر ٹیکس بڑھانے اور نئے محصول لگانے کی باتیں بے حسی کی انتہا اور قابل مذمت ہیں۔

نئے ٹیکس سے عوام زندہ درگور ہوجائیں گے۔ 2018ء سے اب تک مہنگائی میں 300فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے، اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ جو بھی اقتدار میں آیا اس نے اپنے غیر ملکی آقاوں کو خوش کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا چھوڑی۔ قوم کو سمجھ جا نا چاہئے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمران پاکستانیوں کو ریلیف کیسے دے سکتے ہیں۔؟

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیوروکریسی میں دھڑا دھڑ تبادلے اور اپنے من پسند افراد کی تعیناتیاں کرنا شرمناک اقدام ہے۔ سیاستدانوں کی باہمی سیاسی چپقلش اداروں کو تباہ کررہی ہے۔ جب تک ادارے مضبوط اور ان میں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ نہیں کردیا جاتا، اس وقت تک استحکام نہیں آسکتا۔

پالیسیوں میں تسلسل کے لیے اداروں کو آزادانہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سب نے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے اقتدار حاصل کیا اور بر سر اقتدار آکر شدید مایوس کیا ہے۔ ان پارٹیوں کو قوم بار بار آزما چکی ہے، یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں، ان سے خیر کی کوئی امید نہیں کی جا سکتی۔

22کروڑ عوام کو ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ انٹرنیشنل ادارے کی تازہ رپورٹ کے مطابق بھوک کے شکار ممالک میں پاکستان 116میں سے 92ویں نمبر ہے، جبکہ معاشی طور پر تباہ حال سری لنکا کا 65واں، نیپال اور بنگلہ دیش کا 76واں نمبر ہے۔

عالمی ادارے پاکستانی حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کواجاگر کرکے، پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔