لاہور : دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کا کوئی تصور نہیں،دینی تعلیمات سے ہمیں بلاتفریق وامتیاز احترام انسانیت کادرس ملتاہے۔
اسلامی معاشرے میں امن کے قیام، مملکت کے استحکام اور پر امن بقائے باہم کے لیے ضروری ہے کہ تحمل و برداشت، عفو و درگزر، حلم و برد باری، رواداری، روشن خیالی اور اعتدال پسندی کو فروغ دیا جائے۔معاشرے سے غربت، جہالت، بے روزگاری اور لا قانونیت کے بڑھتے ہوئے سیلاب کو روکنے کے لیے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزجامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام جامعہ فاطمیہ ملغپورہ میں ’’پیغام پاکستان آگاہی سیمینار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں ناظم اعلیٰ جامعہ فاطمہ حضرت علامہ پیر بلال حسین شاہ گردیزی، علامہ مفتی ضیاء اللہ نورانی،مولانا عبیدالرحمان نعیمی سمیت اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بھارتی طیارے گرانے پر مسلح افواج کو مبارکباد و خراج تحسین پیش کرتے انہوں نے مزید کہاکہ پاک فوج دشمن کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، بھارتی طیاروں کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر گرایا گیا جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ پاک فضائیہ نے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے، قوم کا بچہ بچہ پرعزم اور افواج پاکستان کی پشت پر ہے۔سیمینار کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعاکرائی گئی.