آئی ایم ایف کا غلام

سودنے ہما رے ملک کی معیشت تباہ اور آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا،میاں رشید منہالہ

لاہور(لاہورنامہ) کسان بورڈپاکستان وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو ناراض کرکے ہم خوشحال نہیں ہو سکتے۔

سودنے ہما رے ملک کی معیشت تباہ اور آئی ایم ایف کا غلام بنا دیاہے۔اب حکومت ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے اللہ پاک کے قہر کو آواز دے رہی ہے۔ ٹرانس جینڈر بل اصل میں ہم جنس پرستی اورفحاشی پھیلانے کا اجازت نامہ ہے۔ ٹرانس جینڈر بل قوم کو برباد کر دے گا۔ہم قدرتی خواجہ سرائوں کے حقوق کے حامی ہیں لیکن ہم جنس پرستوں کے نہیں۔ سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے حکمران پھر بھی عبرت نہیں پکڑ رہے۔

اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو ناراض کرنے والے قانون ختم کروا کررہیں گے۔ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا راضی کر لیا تو سارے مسلے حل ہو جائیں گے۔مہنگی بجلی، مہنگی کھاد،مہنگے بیجوںنے کسان سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا۔

بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسوں کی بھرمار سے کسان خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ زراعت کو تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا کر دم لیں گے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ہم جنس پرستوں کو تحفظ دینے والے ٹرانس جینڈر بل کا خاتمہ کیا جائے ۔کھادوں ، زرعی ادویات اور بیجوںکی بلیک میں فروخت بند کروائی جائے۔ بجلی کی قیمت کم اور ناجائز ٹیکسوں کا بجلی کے بلوں سے خاتمہ کیا جائے۔

اشیاء ضروریہ اور خوردونوش کی قیمتیں کنڑول کی جائیں۔ ذخیرہ اندوزوں ،گراں فروشوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کی جائے۔گنے کی قیمت400روپے فی من اور گندم کی قیمت 4000روپے فی من مقرر کی جائے۔مہنگی بجلی ، بلیک میں کھاد، بیج اور زرعی ادویا ت خرید کر سستی اجناس فروخت کرنا ناممکن ہے۔