کراچی(لاہورنامہ)شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اپنی انتھک کاوشیں جاری رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر آباد میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مختلف مقامات پر سیلاب متاثرین کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ آصفہ بھٹو نے سکرنڈ میں واقع سیلاب متاثرین کے لئے بنائے گئے ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا۔
انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رضاکاروں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ خواتین اور بچوں میں ضروریات کا سامان بھی تقسیم کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک مہینہ ہو چکا، ہمارے عوام تاحال اس سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں جس نے سندھ کو ڈبو دیا ہے، تین کروڑ سے زائد متاثرین اور بے گھر افراد کو پناہ، خوراک اور ادویات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی کیمپوں میں رہائش پذیر متاثرین نے مجھے اپنی پریشانیوں سے آگاہ کیا، امید ہے، حکومتِ سندھ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنی انتھک کاوشیں جاری رکھے گی۔آصفہ بھٹو نے کہا کہ ڈینگی، ملیریا اور اسہال کی پھیلتی بیماریاں تباہی کی دوسری لہر ثابت ہو رہی ہیں.
پی پی آئی ایچ کی طرح میڈیکل کیمپوں نے خدمت کے لئے خود کو وقف کیا ہوا ہے تاہم ان کو ہم سب کی مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سطح کی بڑی آفت کے سامنے ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودہ فراہمی کم ہے، ہمیں ہر ایک کی ضرورت ہے کہ وہ آگے آئیں اور مدد کریں، عطیہ دیں اور رضا کار بنیں تاکہ سیلاب سے ہونے والی تباہی میں کمی کو یقینی بنایا جا سکے۔