اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سینیٹر اسحٰق ڈار نے وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسحٰق ڈار سے حلف لیا۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا تھا، اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحٰق ڈار سے بطور سینیٹر حلف لیا تھا۔2 روز قبل اسحق ڈار 5 سال کے بعد لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے اور ملک کی معیشت بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد کے نورخان ایئربیس پہنچنے کے بعد اسحق ڈار نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں اپنے ملک میں واپس آیا ہوں، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں قبول کروں۔اسحٰق ڈار نے کہاتھا کہ میں پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان جس معاشی بھنور میں پھنسا ہے، ہم پاکستان کو اس میں سے نکالیں، جس طرح ہم نے 99ـ1998 یا 14ـ2013 میں پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا تھا، امید ہے کہ ہم مثبت سمت میں جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے واپسی پر وزیراعظم شہباز شریف لندن میں ٹھہرے جہاں انہوں نے گزشتہ روز اپنے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں سیاسی اور معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ اسحٰق ڈار کا وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے کے حوالے سے اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔