اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ ڈکٹیشن لینے سے انکا ر کرنے پر نوازشریف کو حکومت سے ہٹا دیا گیا، دو تہائی اکثریت سے نوازشریف آیا تو دھرنا دلوانے کی سازش کس نے کی؟
نوازشریف ریاست کیلئے بار بار مصیبتیں سہتا رہا، قومی حکومت ریاست کو بچانے کیلئے بنائی گئی،جیل بھرو تحریک کا نعرہ لگانے والا خودچاردن جیل نہیں جا سکتا۔
پیرکو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈکٹیشن لینے سے انکار کرنے پر ہٹایا گیا،سوال یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف کون سازشیں کرتا رہا،نواز شریف نے جو سوالات اٹھائے ہیں انہیں ان کے جواب ملنا چاہئیں.
2013 میں جب چین پاکستان کو اقتصادی راہداری کا منصوبہ دے رہا تھا تواس وقت سازش کس نے کی تھی اور نواز شریف کے پھلتے پھولتے پاکستان اورخوشحالی میں رکاوٹ کس نے ڈالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے آنے والی نسلوں کی خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جب لوگ غلطیاں کرتے ہیں اوربعد میں جب ان کا اعتراف کرلیتے ہیں تو وہ بہادر لوگ ہوتے ہیں.
نواز شریف ریاست کو آگے لے جانے کی بات کرتے ہیں جسے این آر او کا نام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جب دوتہائی اکثریت سے برسراقتدار آئے تو انہیں چلنے نہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ نواز شریف کو باربار لایا جاتا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کو بار بار روکاجاتا ہے مگروہ عوامی حمایت اورطاقت سے بار بار منتخب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی عوامی لیڈروں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں مگر قومی مفاد میں انہوں نے کبھی زبان نہیں کھولی، ان کے سینوں میں بھی راز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو سمجھتا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے بل بوتے پر اسلام آباد پر یلغارکرکے من پسند فیصلے لے کراٹھے گا تو اسے یہ جان لینا چاہئے کہ ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی جنہوں نے ریاست کیلئے اتنی مصیبتیں جھیلی ہیں وہ اس کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہم ریاست کو کمزور ہوتا نہیں دیکھ سکتے، پاکستان ایک مرتبہ پھر معاشی خوشحالی کی طرف جانے لگا ہے تو کسی کو ایک مرتبہ پھر اسے سری لنکا بنانے کی طرف نہیں لیجانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ 70 سالہ سیاسی نابالغ بچہ خود جیل جا کر دکھائے پھرکسی اور کو بھاشن دے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہے یہ مختلف جماعتوں پرمشتمل قومی حکومت ہے جو ریاست کو بچانے کیلئے آگے آئی۔ انہوں نے کہاکہ لوٹا کریسی کے ذریعے انہوں نے اداروں کے خلاف جو سازش کی وہ آڈیو لیک میں واضح ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے قربانیاں اس لئے نہیں دی گئیں کہ بار بار اس کی سلامتی سے کھیلا جائے اگرکسی طرف سے لاڈلے پن کی انہیں کوئی امید ہے بھی تو وہ وقت نہیں آنا چاہیے کہ باقی صفحے بھی پڑھے جائیں۔ انہو ں نے کہا کہ ریاست پر ہم کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔