اسلام آباد(لاہورنامہ) ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں 20 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے قیمت بڑھانے کے لیے درخواست دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی پی پی اے(سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی)نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا(نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں درخواست جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ 26 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہو گئی اس لیے قیمت میں 20 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں 12 ارب 52 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیداواری لاگت 126 ارب روپے رہی، گزشتہ ماہ فرنس آئل سے 34 روپے 61 پیسے میں فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، گیس سے 10 روپے 74 پیسے فی یونٹ، ایل این جی سے 26 روپے 3 پیسے فی یونٹ اور کوئلے سے 17 روپے 92 پیسے فی یونٹ میں بجلی پیدا ہوئی۔نیپرا بجلی کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت 26 اکتوبر کو کرے گا۔