لاہور (لاہورنامہ) وزیر بلدیات پنجاب محمود الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کریگی ،اگر انتخابات کا اعلان نہیں ہوتا تو پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام آزادی مارچ میں شریک ہونگے، انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ پرامن انتخابات کروا کر ملک کو خانہ جنگی سے روکنا ہے یا حالات خراب کرنے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔محمود الرشید نے کہا کہ عوام بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے نیچے دب گئے ہیں، ٹیکسٹائل بند ہو رہی ہیں ،مزدور بے روزگار ہو گیا ان حالات کو امپورٹڈ سرکار درست نہیں کر سکی،وفاقی حکومت فسطائیت پر اترآئی ہے انہیں چاہیے کہ یہ جلد ازجلد الیکشن کرائیں تاکہ عوام کی عدالت میں فیصلہ ہو ۔
عوام تیار ہیں کہ عمران خان کب کال دیتے ہیں، لاکھوں کی تعدادا میں اسلام آباد کی مارچ کریں گے تمام شعبہ ہائے کے لوگ اس میں شریک ہوں، مسائل سے نکلنے کا واحد حل ملک میں شفاف الیکشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اﷲعمران خان کی مقبولیت دیکھ کر ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں ،سانحہ ماڈن ٹاؤن کیس میں ہم سے کوتاہی ہوئی ہے جس کا احساس ہم کو ہے، ہمیں اپنے پچھلے دور میں اس کو انجام تک پہنچانا چاہیئے تھا،اب اسے بھرپور انداز میں چلائیں گے، پراسیکیوٹرز کی تیاری کرارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا تماشہ لوگوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا جو مجرم تھے جن پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات تھے وہ ایک ایک کر کے رہا ہوں رہے ہیں اور ایسے فیصلوں پر دنیا حیران ہے ۔
دوسری طرف فارن فنڈنگ کی آڑ میں حامد زمان اور انتقامی کارروائی کی آڑ میں سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔فسطائی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ہم نے کسی پر تشدد کی سیاست نہیں کی ہے یہ سول مارشل لاء ہے جو ہمارے لیڈران کو حق آزادی رائے سے روک رہے ہیں ،ملک کی سیاسی صورتحال خوفناک منظر کی طرف بڑھ رہی ہے جس پر بات کرنا بہت ضروری ہے.
مسلم لیگ (ن) ،مولانا فضل الرحمن سمیت سب نے لانگ مارچ کئے ہم نے کسی کو نہیں روکا، اب فسطائیت ہے۔ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ صاف و شفاف الیکشن ہیں۔محمود الرشید نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کلیں سویپ کرے گی اور عمران خان ہر حلقے سے کامیابی سے جیتے گا۔
انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ پرامن انتخابات کروا کر ملک کو خانہ جنگی سے روکنا ہے یا حالات خراب کرنے ہیں۔ صوبائی وزیرکھیل و امورنوجوانان ملک تیمورمسعود نے کہا کہ یہ عمران خان خان کی مقبولیت سے خائف ہیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف، مریم نواز اور خواجہ محمد آصف کے بیانات نفرتوں میں اضافہ کررہے ہیں ، خدارا یہ ہوش کے ناخن لیں،وفاقی وزیر داخلہ سانحہ ماڈل ٹائون کا مرکزی ملزم ہے، یہ انتقام کی آگ میں اندھے ہوئے ہیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو ہم جلد از جلدکیفر کردار تک پہنچائیں گے.
یہ ہمارے رہنماؤں پر ایف آئی اے کے کیسز بنا ئے جارہے ہیں ، آزادی اظہار رائے پر بولنے نہیں دیا جارہا ، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ کو جلد از جلدالیکشن کی کال دیںتاکہ عوام کی عدالت میں فیصلہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال اب دنوں کی نہیں بلکہ گھنٹوں کی بات ہے۔