واٹر کمیشن

پانی کے تحفظ کے حوالے سے واٹر کمیشن کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی

لاہور:پانی کے تحفظ کے حوالے سے واٹر کمیشن کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ،واٹر کمیشن نے پانی چوروں کے خلاف بھر پور کاروائی کے لئے واٹرایکٹ اور واٹرپولیس بنانے کی تجویز دے دی ۔چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرائی گئی، واٹر کمیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ 50 صفحات پر مشتمل ہے،واٹر کمیشن نے واٹر پالیسی 2018پر عدم اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ، پالیسی میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کی بجائے صرف زراعت کو پانی فراہم کرنے پرتوجہ دی گئی، کمیشن نے کہا ہے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے پنجاب اربن واٹر ایکٹ بنایا جائے،واٹر کمیشن نے رپورٹ میں واسا کے موجودہ سسٹم پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، کمیشن نے واسا کے اختیارات میں اضافے اور ویسٹ واٹر پلانٹ کی فوری تعمیر کی بھی تجویز دی ہے، عدالتی حکم پر پانی کے بلوں میں اضافہ, پانی کا سرکاری کنکشن نہ رکھنے والے صارفین کو نیٹ ورک میں لا نے کا بھی کہا گیا ہے،رپورٹ میں سپریم کورٹ کے حکم پر کمپنیوں کی جانب سے پانی کے ریٹس بڑھانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔