بلاول بھٹوزرداری

ظلم کے اندھیروں میں آوازِ حق بلند کرنے سے زیادہ کوئی اطمینان نہیں،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(لاہورنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں سکھایا ہے کہ برداشت اور صبر سے بڑی کوئی جرات نہیں، ظلم کے اندھیروں میں آوازِ حق بلند کرنے سے زیادہ کوئی اطمینان نہیں، اور جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے بیگم نصرت بھٹو کی گیارہویں برسی کے موقعے پر اپنے پیغام میں مادرِجمہوریت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت پسندوں کے لیے ہمت، عزم اور استقلال کا منارہِ نور تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور ان کے اہلخانہ کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ جمہوریت نے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا، ذاتی سانحات برداشت کیے، اور اپنے غم کو طاقت میں تبدیل کرکے عوامی حقوق کی حفاظت کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت اور جیالے مادرِ جمہوریت کو صرف آج کے دن نہیں، ہر روز یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کا کردار، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔