لاہور (لاہورنامہ) لاہور سمیت پنجاب کے14 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ۔ہائی رسک اضلاع لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم سات روز جاری رہے گی جبکہ دیگر11اضلاع میانوالی، خوشاب، سیالکوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور راجن پور میں مہم پانچ روز جاری رہے گی۔
پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ11لاکھ 80ہزاربچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، 97ہزارسے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے کہا کہ 02 دن کیچ اپ ڈے ہو گا جس میں رہ جانے والے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں، پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں، والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔کیونکہ پولیو کے دو قطرے آپ کے بچوں کو بہت بڑی محرومی کا شکار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔