فیاض الحسن چوہان

وفاقی حکومت کو ملک کی پروا نہیں ،وزیر اعظم موج میلے پر ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور (لاہورنامہ) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم ہر طرف سے مایوس ہو کر پاکستان کی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،وفاقی حکومت کو ملک کی پروا نہیں اور وزیر اعظم موج میلے پر لگے ہوئے ہیں ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی اسمبلی نے عمران خان پر حملے کے خلاف قرارداد منظور کی تھی مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا، آج پھر پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی ،ہم نے چیف جسٹس اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

ہم ہر طرف سے مایوس ہو کر پاکستان کی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ونسٹن چرچل نے کہا تھا جس ملک میں عدالتوں سے انصاف مل رہا ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، جن معاشروں میں عدالتیں انصاف چھوڑ دیں وہ تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔ تحریک انصاف، انصاف کے حصول کے لئے پچھلے آٹھ روز سے بر سر پیکار ہے ،پاکستان کے مقبول ترین لیڈر پر حملے کی ایف آئی آر تک درج نہیں ہو رہی۔

وفاقی حکومت کو ملک کی پروا نہیں اور وزیر اعظم موج میلے پر لگے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ رجسٹری میں اس لئے گئے ہیں تاکہ ہمیں انصاف ملے ۔ ہمارا عدالت عظمی سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔