خود ساختہ ڈرامہ

بھارتی حکومت کا پلوامہ دھماکے کاخود ساختہ ڈرامہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہوچکا‘امیر العظیم

لاہور:امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلاہوکر پاکستان دشمنی میں بالکل اندھا ہوچکا ہے،نام نہاد اور خود ساختہ دہشت گردی کے واقعات کو پاکستان سے جوڑ کردنیا میں بدنام کرنے کی بھارتی سازش بری طرح ناکام ہوچکی ہے، مودی اپنی انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے جنگی ماحول پید ا کررہا ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ریاستی دہشتگردی کی انتہاکردی ہے۔کوئی دن ایسا نہیں گزرتاجب مقبوضہ کشمیر کے کسی علاقے سے کسی کشمیری شہیدکاجنازہ نہ اٹھایاجاتاہو۔ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں سنگین جرائم کی مرتکب ہورہی ہے۔بھارت نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کوگزشتہ 7دھائیوں سے دبارکھا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے اندر مودی کے خلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں۔انڈین حکومت کا پلوامہ دھماکے کاخود ساختہ ڈرامہ بھارتی عوام اور عالمی برادری کے سامنے بھی بے نقاب ہوگیاہے۔حقائق واضح ہونا شروع ہوگئے ہیں کہ نریندرمودی حکومت نے الیکشن جیتنے کے لیے پلوامہ کاواقعہ خود کرایا اور پاکستان پر جھوٹالگادیا گیا۔انڈین حکومت کے عہدیداروں کی آڈیوٹیپ سامنے آچکی ہے۔اب دنیا پر یہ بات عیاں ہوچکی ہے کہ ہندوستان جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوتادیکھنا نہیں چاہتااور وہ پاکستان کے خلاف بھی من گھڑت اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کررہا ہے۔اس وقت بھارت کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی گو بیک تحریک بھارت میں زور پکڑ رہی ہے۔پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کی کاوشوں کابھرپور حامی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس وقت پوری پاکستانی قوم کی حمایت حاصل ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ قرارداد کامنظورہوناخوش آئند امر ہے۔او آئی سی اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج کو مدعوکرنا تشویش ناک ہے۔حکومت دوست ممالک کواعتماد میں لے۔پاکستان او آئی سی کابانی رکن ہے اور کسی بھی ملک کو بطور مبصر بلانے کے لیے بانی رکن ممالک سے مشورہ ضروری ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو نہیں بلاناچاہئے تھا کیونکہ بھارت او آئی سی کاممبر نہیں ہے اور نہ ہی اسے مبصر کی وہاں حیثیت حاصل ہے۔او آئی سی کے رکن ممالک کوپاکستان پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں اس کی ریاستی دہشتگردی کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔