اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات مریم اور نگزیب نے تجویز دی ہے کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں.
2030ء میں پاکستان کی آبادی 26 کروڑ 30 لاکھ اور 2050ء میں 33 کروڑ 80 لاکھ ہونے کا امکان ہے ،بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائیگا،بیانیے کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاپولیشن کونسل کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں۔ انہوںنے کہاکہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائیگا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے، نیشنل ٹاسک فورس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ رواں برس دنیا کی آبادی 8 ارب اور پاکستان کی 23کروڑ ہوگئی ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ 75 سال میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ سے 23 کروڑ ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ 2030ء میں پاکستان کی آبادی 26 کروڑ 30 لاکھ اور 2050ء میں 33 کروڑ 80 لاکھ ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی طرح بڑھتی آبادی بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آبادی بڑھتی ہے تو تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی آبادی 2 فیصد سالانہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے ،ان مسائل سے نمٹنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ قومی اہمیت کے ان مسائل پر قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بیانیے کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومتی سطح پر ایسے مسائل پر کھل کر بحث ہونی چاہئے، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، سیلاب جیسی قدرتی آفت کے نتیجے میں قوم نے حال ہی بڑی تباہی کا سامنا کیا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ تباہ کن سیلاب کے باعث پاکستان میں بچے اور خواتین شدید متاثر ہوئے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ماضی میں پارلیمنٹ میں منعقدہ قومی کانفرنس کے منظور کردہ اعلامیہ میں اہداف کا واضح تعین ہوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے اعلامیہ پر صوبوں کے دستخط بھی ہیں، ان اہداف اور تجویز کردہ اقدامات کی بحالی کی ضرورت ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ اس طرح ہم پالیسی سازی، قانون سازی اور بیانیہ کی تشکیل کے ساتھ مطلوبہ اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں محکمہ منصوبہ بندی نے بہت اچھا کام کیا، عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر اطلاعات نے بڑھتی آبادی کے حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا پر آگاہی پیدا کرنے اور بیانیہ کی تشکیل میں پاپولیشن کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔