کراچی(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگلِ کے خلاف بریگیڈ تھانے میں ملکی ادارے کے خلاف نفرت، دشمنی،اشتعال پھیلانے اور جھوٹی مہم جوئی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ الزام نمبر 22/772 جیکب لائن کے رہائشی شہری محمد سعید کی مدعیت میں بجرم دفعہ 500،505،131 اور 153اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شہری محمدسعید کا کہنا ہے کہ وہ اپنے میڈیا اکاونٹ سے موبائل استعمال کر رہا تھا کہ اس نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں پاکستان تحریک انصاف کا رہنما تقریرکررہا تھا جوبڑے پیمانے پرالیکٹرانک اورسوشل میڈیا پروائرل ہو رہی تھی۔
مدعی نے کہا کہ تقریرمیں پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے عوام کو ملکی ادارے کے خلاف بہکایا جس میں ایک جھوٹا تاثردیا گیا اورملکی ادارے کے خلاف نفرت،دشمنی ،اشتعال پھیلانے اورجھوٹی مہم جوئی کی جو ملکی اداروں کو اکسانے کے مترادف ہے اورایسے بیانات عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا کریں گے اورکوئی بھی اٹھ کرریاستی اداروں کے خلاف غیر قانونی اقدام کرسکتا ہے جس سے نقصن کا اندیشہ ہے لہذا شہبازگل کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔