لاہور (لاہورنامہ) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی کا سپہ سالار بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستان نازک ترین موڑ پر پہنچ گیا ہے، کپڑے بیچنے والا شہباز شریف بھی اعتراف کر رہا ہے کہ شدید معاشی بحران ہے لیکن اسحاق ڈار کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی.
حل صرف الیکشن ہیں ورنہ ڈیفالٹ دروازے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو ایم کیو ایم کا بھی پتہ چل جائے گا، پی ڈی ایم کا عمران خان پر ہر ناکام حملہ ان کے اپنے گلے پڑ رہا ہے.
حکومت نے 87 ارب ترقیاتی کاموں پر ، 2 ارب بلاول کے دوروں پر اور 2 ارب کمپنی کی مشہوری پر لگا دیا گیا۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 77وزرا ء کے بحری بیڑے اور آئی ایم ایف کی شرائط غریب کے لئے ہیں، حکمرانوں کی اپنی دولت بیرون ملک بینکوں میں محفوظ ہے۔