تیز بارش اور برف باری کی پیش گوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش اور برف باری کی پیش گوئی

اسلام آباد (لاہورنامہ)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے مطابق کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ملک گیر تیاری کیلئے اقدامات پر مبنی ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے.

جس میں صوبوں اور متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کے ساتھ ساتھ موسمی خطرے کے علاقوں کی آبادیوں کو بڑے پیمانے پر آگاہی دینے اور باخبر رکھنے کے لئے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

این ڈی ایم اے ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات پاکستان کی پیشن گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مغربی ہوائوں کا نظام 10 جنوری (رات) کو شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 11 سے 13 جنوری (بدھ سے جمعہ) تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر اسلام آباد میں 11 سے 13 جنوری (بدھ سے جمعہ) تک ہلکی بارش متوقع ہے۔ بلوچستان میں بارکھان، چمن، دالبندین، ہرنائی، مسلم باغ، نوکنڈی، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، ڑوب اور زیارت میں 10 جنوری (رات) اور 11 جنوری (رات) کو بارش اور برف باری کی توقع ہے۔ مزید یہ کہ مکران کے ساحل پر 11 اور 12 جنوری (بدھ اور جمعرات) کو ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں، ایبٹ آباد، چترال، دیر، گلیات ریجن، کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ اور سوات میں 11 سے 13 جنوری (بدھ سے جمعہ) تک بارش/ برفباری متوقع ہے مزید برآں اسی دوران پشاور، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، بنوں، چارسدہ، کرک، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ 11 اور 12 جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

پنجاب میں پوٹھوہار ریجن، بھکر، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جھنگ، قصور، خوشاب، لاہور، لیہ، میانوالی، مری، ننکانہ صاحب، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، سیالکوٹ، میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مزید برآں ڈیرہ غازی خان، خانیوال، مظفر گڑھ، ملتان اور پاکپتن میں 11 اور 12 جنوری (بدھ اور جمعرات) کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں، استور، دیامیر، گھانچے، غذر، گلگت، ہنزہ، شگر اور اسکردو میں 11 سے 13 جنوری (بدھ سے جمعہ) تک بارش (معتدل سے شدید برف باری کے ساتھ) متوقع ہے۔ اس دوران آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں باغ بھمبر، ہٹیاں، حویلی، کوٹلی، میرپور، مظفرآباد، وادی نیلم، پونچھ اور سدھنوتی میں بارش/ برفباری متوقع ہے۔

موسم کی ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ICT) انتظامیہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن، ریسکیو 1122، متعلقہ محکموں، وزارتوں اور وفاقی ایجنسیوں کو متعلقہ مینڈیٹ کے مطابق اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

این ڈی ایم اے نے مشورہ دیا کہ زمینی صورت حال کے مطابق مناسب سمجھے جانے والے اقدامات کے علاوہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کے لیے ایڈوائزری اور الرٹس کے وسیع پیمانے پر اجرا کو یقینی بنایا جائے۔

عمومی اور مخصوص علاقے کی مناسبت سے آگاہی مہمات تیار کی جائیں اور ممکنہ خطرات کے وسیع پیمانے پر پھیلائوکو یقینی بنایا جائے۔مزید برآں روایتی طور پر خطرے سے دوچار مقامات پر مقامی کمیونٹیز کو بھی شامل کرنا چاہیے تاکہ چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا سکے اور خطرے میں پڑنے والی آبادی کیلئے ابتدائی انتباہات اور فیڈ بیک میکانزم قائم کیا جا سکے۔
اسی طرح راستوں کو کھلا رکھنے اور ضروری سامان کی بروقت دستیابی کے لئے بندوبست اور تیاری کی جائے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اضافی وسائل کی تعیناتی کا جائزہ لیں اور صورتحال کے مطابق ٹریفک اور لوگوں کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کریں تاکہ ممکنہ ر نقصانات کو روکا جا سکے اور قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اس کے علاو متعلقہ علاقائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مختلف علاقوں میں شناخت کیے گئے خطرات کے مطابق پیرا میڈیکس، آلات اور ادویات کو تعینات کیا جانا چاہیے۔ صوبائی محکموں اور متعلقہ اداروں کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ سیاحوں، مسافروں کو موسم اور راستوں کے حالات کی پیش گوئی کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور پیشن گوئی کی مدت کے دوران ہنگامی عملہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔