آمروں کی فہرست, شیری

عمران خان نے اسمبلی توڑ کر اپنے آپ کو آمروں کی فہرست میں شامل کر لیا، شیری

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی توڑ کر آمروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے ماضی میں اسمبلیاں توڑیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شیری رحمان نے کہا کہ یہ عوام کے ووٹ اور پارلیمانی اکثریت کو اپنے ذاتی فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، وقت سے پہلے عوامی منتخب اسمبلیوں کو توڑنا آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا کر کے اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، بحران پیدا کرنے کی حکمت عملی سے عمران خان کو تو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن ملک اس کا متحمل نہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے بہت مشکل سے ملک کو سابق نااہل حکومت کی تباہ کاریوں اور ڈیفالٹ سے بچایا ہے، عمران خان کا مقصد ہر صورت اقتدار میں آنا ہے، عمران خان اپنی اسمبلیاں توڑنے کی خواہش بھی پوری کر لیں، اقتدار میں وہ پھر بھی نہیں آئیں گے۔شیری رحمان نے کہا کہ لوگ ان کے 4 سال کے بدترین دور کو نہیں بھولے، فرد واحد کی ضد اور انا پر کھڑی جماعت عوامی نمائندگی نہیں کر سکتی۔