اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کیخلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے ،گرفتاری کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے.
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن ممبران کے بچوں کو کھلے عام دھمکیاں دیں، نو ماہ سے حکومت میں ہیں اور ان کی زبانیں سن رہے ہیں ،اگر سیاسی گرفتاری کرنا ہوتی تو عمران خان اور فواد چوہدری جیسے لوگ کب کے جیلوں کے پیچھے ہوتے، ہمیں معلوم ہے یہ جھوٹ بولتے ہیں ، ہم تنقید سننا جانتے ہیں.
نواز شریف کو اقامے پر گرفتار و نااہل کر کے پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا، ہمارے کئی رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا ،یہ سیاسی انتقام تھا،ہمارے قائد اور رہنمائوں نے کبھی ادارے کو گالی نہیں دی ، سربراہان کے بچوں اور خاندانوں کو دھمکیاں نہیں دیں.
پی ٹی آئی کے آفیشل پارٹی اکائونٹ سے افواج پاکستان کے شہداء کے خلاف مہم چلائی گئی، یہ سب کچھ اعلانیہ کیا،فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں، اس فرق کو سمجھنا پڑے گا،یہ نہیں ہو سکتا ہے عمران خان گالیاں اور دھکیاں دے اور اسے استثنیٰ دیا جائے۔
بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ صبح سے ٹی وی سکرین پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے حوالے سے گفتگو چل رہی ہے، کچھ لوگ اس گرفتاری کو سیاسی رنگ اور اسے آزادی اظہار رائے کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔