لاہور (لاہورنامہ) لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے سکریننگ کے لیے طلبہ کے خون کے نمونے لینے کا عمل شروع کر دیا گیا.
تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی جبکہ خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے حکم کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے طلبا کی سکریننگ کے حوالے سے نگرانی کے لیے اے سیز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔
کمیٹیوں میں ممبران کی تعداد 5جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کمیٹی کے کنوینر بنائے گئے ہیں۔محکمہ پولیس، سکول ایجوکیشن، کالجز اور صحت کے نمائندگان کمیٹی میں شامل ہیں۔کمیٹی کی نگرانی میں سکریننگ کے لیے طلبہ کے خون کے نمونے لینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے کہا کہ تحصیل کے تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی جبکہ تعلیمی اداروں میں خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔
متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی رپورٹ جمع کروائیں گے۔روزانہ کی بنیاد پر اے سیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔