لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں بھی کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔
وفاقی وزارتوں، اداروں اور محکموں میں اربوں روپے کے مالی گھپلے منظر عام پر آئے ہیں۔ سیلاب اور کرونا فنڈنگ میں بھی اربوں روپے کی کرپشن سامنے آئی، مگر ذمہ داران کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے کہ جب کہ وزیر خزانہ کو پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک نظر آتا رہا ہے۔ حکمرانو ں کو احساس ہی نہیں کہ عوام کتنی اذیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں کی ڈھٹائی اور بے حسی کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ سوئس اکاؤنٹس میں 1400پاکستانیوں کے کھربوں روپے پڑے ہیں۔ ان کو واپس لایا جائے۔ حکمرانوں کے پاس محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم وزیر اعظم عمران خان اور انکی ساری ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ دیکھ چکی ہے۔
ان کے پاس اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی اشتہارات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ محمد جاوید قصور ی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو ان کو اقتدر میں رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ جب سے پی ڈی ایم کی حکومت آئی ہے ملک و قوم داخلی و خارجی دونوں محاذوں پر مسلسل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔