ملک مسائل میں ڈوبتا ہے

جب ملک مسائل میں ڈوبتا ہے، تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے، مریم

گوجرانوالہ (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ جب ملک مسائل میں ڈوب جاتا ہے، تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے.آج مشکل ضرور ہے ،اللہ تعالیٰ کی مدد سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی مرکزی تنظیم کا اجلاس سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز اجلاس کی زیر صدارت ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی سینئر راہنما خواجہ آصف، پرویز رشید اور پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں ،انجینئر خرم دستگیر خان، علاقے سے دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ کی بھی شریک ہوئے ۔

اجلاس میں گوجرانوالہ میں بھرپور تنظیمی کنونشن پر ڈویڑن کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔ مریم نواز نے کہاکہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ، گوجرانوالہ سب سے آگے ہے، ٹیم گوجرانوالہ نے پارٹی کے دیگر ڈویژنز کو چیلنج دیا ہے،امید اور یقین ہے کہ پارٹی کے تمام ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ تنظیمی کنونشن پارٹی کو مزید بہتر، مظبوط اور فعال بنانے کا ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی شناخت اور جماعت کو مٹانے والے اللہ کے کرم سے خود مٹ گئے۔ انہوں نے کہاکہ الحمداللہ، ہماری قیادت ایمان دار، نیک نام اور عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ الزام لگانے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں، پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک پہلی بار ہمیں نہیں ملا، ملک مسائل میں جب ڈوب جاتا ہے، تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔مریم نواز نے کہاکہ آج مشکل ضرور ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے، ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ عمران کا ٹرک ڈرائیوروں سمیت پکڑا جا چکا ہے، مریم نواز کے جملے پر اجلاس میں زبردست قہقہہ لگے ۔ قائدین نے کہاکہ مریم نواز کارکنوں کی آواز بن چکی ہیں۔