لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وارنٹ گرفتاری موصول کروانے کیلئے لاہور آنیوالی اسلام آباد پولیس نے سینیٹر شبلی فراز سمیت ڈیڑھ سو نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کرایا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری لیکر عمران خان نیازی کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شبلی فراز نے غلط بیانی کرتے ہوئے کارِ سرکار میں مداخلت کی اور لکھ کر دیا کہ عمرن خان نیازی وہاں موجود نہیں ہیں ، اس موقع پرڈنڈوں سے مسلح 100 سے ڈیڑھ سو کارکنوں نے انہیں روکے رکھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کی زمان پارک میں موجودگی سے متعلق غلط بیانی پر اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری وصول کیے تھے، شبلی فراز نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں ہیں، وہ قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔