عارف علوی

چینی صدر کی قیادت میں، چین دنیا کو بہتر سمت میں لے جا رہا ہے،عارف علوی

اسلام آ با د (لاہورنامہ) پاکستان کے صدر عارف علوی نے چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین نے دنیا میں ایک بہتر ساکھ قائم کی ہے اور وہ دنیا کو بہتر سمت میں ترقی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں نے صدر شی جن پھنگ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں۔یہ چینی عوام اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا چینی لیڈرشپ پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اس چینی لیڈرشپ نے اپنی بہترین عالمی ساکھ کو برقرار رکھا اور بنی نوع انسان کے بہتر مستقبل کے لیے جو قیادت فراہم کی ہے وہ بڑی اہم ہے۔صدر شی جن پھنگ نے نہ صرف چین میں تبدیلیاں لانے بلکہ بیرونی دنیا میں بھی اپنا مثبت تاثر چھوڑا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں پولرائزیشن بڑھ رہی ہے ، نئے زاویے سامنے آ رہے ہیں اور نئی شراکت داریاں بن رہی ہیں ، اس صورتحال میں ایسے مستحکم سیاست دان کا ہونا ضروری ہے جو تمام چیزوں کو پہچانتا ہے ، جو تعلقات اور دنیا کے امن کی اہمیت سے واقف ہے۔

صدر شی جن پھنگ کا دوبارہ منتخب ہونا دنیا ، چین اور خطے کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ میں اس بات کی قدر کرتا ہوں کہ پاکستان اور چین کی ساٹھ ستر سالہ شراکت داری مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی چن پھنگ کی جانب سے 2015ء میں دورہ پاکستان کے موقع پر چین-پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھی گئی۔ سی پیک کے تحت چین کی جانب سے صنعتی شعبے میں بھی پاکستان کو بھرپور تعاون فراہم کیا جارہا ہے.

جس کی بدولت ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستیں اور افغانستان بھی تجارت کیلئے سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ کا منصوبہ کسی ایک ملک کیلئے نہیں، بلکہ یہ عالمی سطح پر باہمی فوائد کیلئے متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر آئی کے اقدام کو مشرقِ بعید سے وسطی ایشیاء اور افریقہ تک وسعت دی جارہی ہے.

جبکہ پاکستان کے پڑوسی ممالک کو بھی سی پیک میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال قبل متعارف کروائے گئے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے علمبردار منصوبے چین-پاکستان اقتصادی راہداری کا مقصد خطے میں تعاون کے رجحان کو فروغ دینا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین ایک قابل اعتماد دوست ہے اور پاک-چین دوستی کی مثال دنیا میں اور کہیں نظر نہیں آتی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کی یہ دوستی صرف حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ اس کی جڑیں عوام کے دلوں میں ہیں اور یہ تعلق خطے میں قیام امن کیلئے بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔