لاہور:چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب حبیب الرحمن گیلانی نے کہا ہے کہ بلا شبہ چائنہ پاکستان راہداری منصوبہ (سی پیک) انتہائی کامیابی کا حامل منصوبہ ہے اور دوست ملک چائنہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان کے ساتھ ہر ممکنہ اشتراک و تعاون بروئے کار لا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقدہ چائنہ کی ایکسپرٹ ٹیم کے وفد کے ساتھ ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چائنہ کی ایکسپرٹ ٹیم کے 11 رکنی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل چائنہ انٹر نیشنل الیکٹرانک کامرس سنٹر پروفیسر سینئر انجینئر ڈو زینلی (Du Zhenli) کر رہے تھے جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت جوائنٹ چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر امان اللہ، صوبائی انتظامی سیکرٹریز پنجاب ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ، سینئر نمائندگان چائنہ ایکسپرٹ گروپ مس ڈونگ لی ڈپٹی ڈائریکٹر (سی آئی ای سی سی) ، مس ژنگ منگ انجینئر (سی آئی ای سی سی)، وانگ ہیمن ایسوسی ایٹ پروفیسر چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی، مسٹر سائمن انٹر پریٹر (سی آر بی سی) چائنہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کا بنیادی مقصد سی پیک کے تحت صوبہ پنجاب میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبہ جات کے حوالے سے تمام ڈویلپمنٹ سیکٹرز کے منصوبوں کی تجاویزپر غور و خوض اور ڈائیلاگ کا تبادلہ تھا۔ مذکورہ اجلاس میں چائنہ کی ایکسپرٹ ٹیم کو صوبائی سیکرٹریز کی جانب سے اپنے اپنے متعلقہ ڈویلپمنٹ سیکٹرز کے منصوبہ جات کی تجاویز کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی نے سی پیک سے متعلقہ سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر دونوں ممالک کی جانب سے مثبت کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ منصوبہ جات پر عملدرآمد اور ان سے پیدا ہونے والے نتائج صوبہ پنجاب کے لوگوں کیلئے خوشحالی لائیں گے۔
حکومت پنجاب معاشی ترقی، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، زراعت کی پیداوار، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور یکساں معاشی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سی پیک کیلئے ’’لانگ ٹرم پلان‘‘ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
اجلاس کے آخر میں چیئرمین پی اینڈ ڈی کی جانب سے چائنیز وفد کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈو زینلی کو شیلڈ پیش کی۔