الیکشن میں تاخیر

الیکشن میں تاخیر ،پی ڈی ایم حکومت آئین سے انحراف کر رہی ہے، ضیاء الدین انصاری

لاہور (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کا انتخابات سے فرار سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی اور آئین شکنی ہے۔

جماعت اسلامی آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف ہر محاذ پر مذمت کریگی۔ بروقت قومی انتخابات ہی سیاسی اور قومی مسائل کا حل ہیں۔ حکومت اپنی بدترین کارکردگی کی بنا پر انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ حکمرانوں سے قوم پوچھتی ہے اگر زلزلہ کے باوجود ترکیہ میں انتخابات ہو سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں؟

الیکشن میں تاخیر کر کے پی ڈی ایم حکومت آئین سے انحراف کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ ظالم حکمرانوں نے اپنے وقتی مفادات کی خاطر آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے اقتدار کی جنگ میں ملک و قوم کا مستقبل داؤپر لگادیا ہے۔

قائدین نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈر ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کیلئے سوچیں۔سیاسی معاملات کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی بجائے پارلیمنٹ میں مشاورت کی جائے۔ملک میں واحد جماعت اسلامی نے عوام کے سامنے انقلابی منشور پیش کیا ہے۔

اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے۔ کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان ہماری منزل ہے۔جماعت اسلامی نے انتخابات کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام 30 اپریل کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی ہونے کیخلاف الیکشن کمیشن دفتر کے باہر کورٹ سٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امراء لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم،صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ، ڈپٹی سیکرٹری لاہور عامر نثار خان امیدوار محمد وقاص بٹ، میجر افتخار احمداعوان،رانا سلمان، چوہدری حسیب، عامر نورخان، سیف الرحمن،زاہد شباب بٹ ،عبدالعزیز عابد سمیت دیگر ذمہ داران و عہدیداران اور وکرز نے شرکت کی۔

مظاہرین نے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔