چین اور سعودی عرب کے تعلقات

چین اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں،شی جن پھنگ

بیجنگ (لاہورنامہ)چین کے صدر شی جن پھنگ نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چین اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں۔

منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی نے کہا کہ گزشتہ سال کے اواخر میں انہوں نے سعودی عرب کا کامیاب سرکاری دورہ کیا اور فریقین نے ریاض میں پہلا چین عرب ممالک کا سربراہی اجلاس اور چین خلیج تعاون کونسل کا سربراہی اجلاس کامیابی سے منعقد کیا جس نے چین سعودی عرب تعلقات کی ترقی کو بھرپور فروغ دیا، اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب کیے۔

حال ہی میں چین، سعودی عرب اور ایران کی مشترکہ کاوشوں سے بیجنگ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیابی سے منعقد ہوئے اور اس کے نمایاں ثمرات برآمد ہوئے ہیں ، جس سے دونوں ممالک کو تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملی ہے اور علاقائی ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانے اور علاقائی تناؤ کو کم کیا جا سکے گا، جسے بین الاقوامی برادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ، ایران کے ساتھ تعلقات کی بہتری بنانے میں چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے ، جو ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے چین کے کردار کی مکمل طور پر عکاسی ہے۔ چین علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں اہم اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے جسے سعودی عرب انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

چین سعودی عرب کا اہم شراکت دار ہے۔ سعودی عرب چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کھولنے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔