اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر اپنے سرکاری دورہ فرانس کیلئے اسلام آباد سے پیرس روانہ ہو گئے ۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے دورہ فرانس کے دوران گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔گلوبل فنانسنگ پیکٹ سربراہی اجلاس پائیدار ترقی، توانائی کے متبادل و قابل تجدید ذرائع، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالیاتی نظام میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال اور مشاورت کا فورم ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس میں پاکستان کے جی ـ77 میں اہم رکن اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے ملک کے سربراہ کے طور پر خطاب کریں گے۔وزیرِ اعظم پیرس میں سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔