لاہور(لاہورنامہ)استحکام پاکستان پارٹی کی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے دستاویزات مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ پارٹی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پربھی ایکٹو کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کیلئے تمام قانونی تقاضے مکمل کرلیے گئے ہیں۔
پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیرترین اورصدرعبدالعلیم خان کی منظوری کے بعد درخواست دی جائے گی، رجسٹریشن کا عمل رواں ہفتے مکمل کرلیا جائے گا۔پارٹی کی سر گرمیوںسے عوام کو آگاہ رکھنے کیلئے فیس بک لانچ کردیاگیاہے جبکہ آفیشل ٹوئیٹراکائونٹ بھی ایکٹیو کردیا گیا ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر اکائونٹ جہانگیر ترین اورعلیم خان کی میڈیا ٹیمیں مشترکہ طور پرچلائیں گی۔آئی پی پی کے آفیشل فیس بک پیج کے کورفوٹو میں پارٹی پرچم کی تصویر نمایاں ہے۔آفیشل فیس بک پیج کے کور فوٹو پر پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کی تصویربھی نمایاں ہے۔