گوجرانوالہ(لاہورنامہ)نگران وزیرجنگلی حیات و ماحولیات پنجاب بلال افضل نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں 207 کینال اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر تعمیر کیا جائے گا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں چڑیا گھر کی تعمیر جلد عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو بہترین تفریح کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چڑیا گھر کے لیے مختص اراضی کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مبین الہی،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی،ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل،اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری ودیگر افسران انکے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ چڑیا گھر کے لیے مین جی ٹی روڈ سے لنک دیا جائے اور پارکنگ کے لیے سپیشل ایریا بھی مختص کیا جائے انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی عوام کو معیاری تفریح کی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں اس لیے مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبہ کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر عمل میں لائی جائی اور اس سے ملحقہ حیدری انڈر پاس کی تزئین و آرائش کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے.
علاؤہ ازیں 46کنال رقبہ پر محیط عائشہ بی بی پارک کے اندر فوڈ کورٹ کا قیام بھی جلد عمل میں لایاجانے بعد ازاں انہوں نے موٹر وے لنک کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی.