لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین گجرات کا افتتاح کیا۔ کلاسوں کا معائنہ اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے اور پنجاب حکومت نے صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ خواتین کو ہنر مند اور باعزت روزگار کے قابل بنانے کے لیے انہیں ٹیکنکل ایجوکیشن سے آراستہ کیا جار ہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کوبااختیار بنانے کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جارہا ہے۔ گجرات میں کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین کا منصوبہ علاقے کی خواتین کیلئے حکومت کا شاندار تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے تحت پنجاب میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے 403ادارے کام کر رہے ہیں اور نئے ٹیکنکل کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جاریا ہے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات کا دورہ کیا اور تاجر رہنمائوں سے ملاقات کی۔جس میں تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے چیمبرکو درپیش مسائل فی الفور حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ گجرات چیمبر میں ایکسائز ہیلپ ڈسک کا قیام، پاسپورٹ سیکشن سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی ادارے ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیںاور حکومت ان کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میںتجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اور گجرات کی صنعت کو درپیش مسائل بھی حل کریں گے۔
ایوان صنعت وتجارت کے کمیٹی روم میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور خواتین سرمایہ کاروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے خواتین سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر نے گجرات میں ماڈل بازار کا بھی دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کے معیار ، دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے صارفین سے ماڈل بازار میں دی گئی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔