ڈاکٹرجاویداکرم

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ

لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیرصحت،سوشل ویلفیئروبیت المال ڈاکٹرجاویداکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا تفصیلی دورہ کیا۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر ایک اجلاس کی صدارت بھی کی،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن راجہ منصوراحمد، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شاہدہ فرخ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ و دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران لاہورکی شاہراؤں پر موجود نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ محکمہ صحت،محکمہ سوشل ویلفیئر وبیت المال اور محکمہ پولیس لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افراد کی بحالی میں بنیادی کرداراداکریں گے۔محکمہ سوشل ویلفیئروبیت المال کی جانب سے نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے”روشن گھر“کے نام سے سنٹرکاقیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب نے لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افرادکی بحالی کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے علاج وادویات کی فراہمی جناح ہسپتال، بحالی کے اقدامات محکمہ سوشل ویلفیئراینڈبیت المال اور سکیورٹی انتظامات کو محکمہ پولیس یقینی بنائے گا۔پہلے فیزمیں روشن گھرپروگرام میں نشہ کے عادی 100افرادکی بحالی کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔

نشہ کے عادی افراد کی کونسلنگ کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے انسٹرکٹرزخدمات سرانجام دیں گے۔ ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹرمیں نشہ کے عادی افراد کے کھانے کی ذمہ داری محکمہ سوشل ویلفیئراینڈبیت المال کے ذمہ ہوگی۔

ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ لاہورکی شاہراؤں پر نشہ کے عادی افراد کی بحالی کی پوری کوشش کریں گے۔نشہ کے عادی افراد کی بحالی کرکے انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ روشن گھر میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے محکمہ صحت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔