لاہور(لاہورنامہ) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ پولیو اورنٹیشن اینڈ پلاننگ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے عہدیداران، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب کو ہمیشہ کیلئے پولیو فری دیکھنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ خیبرپختونخواہ سے ابھی بھی پولیو کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔
کسی بھی حکومت کی تبدیلی کے بعد عوام کی بہتری کے منصوبوں کیلئے ترجیحات نہیں بدلنی چاہئیں۔ پوری دنیا میں والدین خود اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب میں انفیکشئیس ڈیزیز پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ریسرچ کے مطابق پاکستان میں 50 سال کی عمر کے بعد ہر شخص کو بلڈ پریشر کا سامنا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہماری نوجوان نسل دل کے امراض کا بہت تیزی کے ساتھ شکار ہو رہے ہیں۔
پنجاب کی عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔ ہمیں پولیو کے حوالے سے عوام کی سوچ بدلنی ہوگی۔ ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہاکہ والدین کو اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے بروقت پولیو کے قطرے پلانے چاہیئں۔
صحت اور نشوونما کیلئے ہر ماں کو اپنے بچے کو پیدائش کے دو سال تک دودھ پلانا چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پاکستان میں حملوں کے باوجود پولیو ویکسینیش کامیابی سے جاری رکھنے والے ویکسینیٹرز کو سلام پیش کیا اور ورکشاپ کے انعقاد پر روٹری انٹرنیشنل کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔