پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے والی فلم ‘شیردل’

اس وقت جب پاک فضائیہ بھارتی طیاروں کو مار گرانے پر دنیا بھر کی میڈیا کی توجہ کا مرکز ہے، اسی وقت پاکستان کے بہادر پائلٹوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نئی فلم جلد بڑی اسکرین پر ریلیز ہونے والی ہے۔

اے آر وائی فلمز کی ‘شیردل’ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں میکائیل ذوالفقار، ارمینہ خان، سبیکا امام اور حسن نیازی مرکزی کردار نبھائیں گے۔

فلم کا ٹیزر تو پہلے ہی سامنے آچکا تھا، اب پہلا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے، جس میں دکھایا گیا کہ میکائیل ذوالفقار تو فائٹر پائلٹ بننا اپنا جنون قرار دیتے ہیں مگر ان کی محبت فضائیہ سے الگ ہونے کا مطالبہ کرتی ہے۔

ارمینہ خان نے فلم میں میکائیل ذوالفقار کی محبت کا کردار ادا کیا ہے اور ابتدائی ٹیزر میں وہ خود بھی فائٹر پائلٹ کی وردی میں نظر آئیں مگر اس ٹریلر میں واضح نہیں کیا گیا کہ وہ واقعی پاک فضائیہ کا حصہ ہیں یا نہیں۔

حسن نیازی بھارتی پائلٹ کے روپ میں نظر آئیں گے جن کا میکائیل سے سامنا متحدہ عرب امارات کے ایک فلائنگ اسکول میں ہوتا ہے جبکہ سبیکا امام یواے ای کے اسکول کی انچارج ہیں۔

یہ ٹریلر گزشتہ سال پی اے ایف کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی جانے والی فلم پرواز ہے جنون سے کچھ ملتا جلتا ہے تاہم کہانی کیا ہے، اس کا اندازہ تو فلم کی ریلیز سے ہی ہوگا کہ شیردل کس حد تک پرواز ہے جنون سے مختلف ثابت ہوتی ہے۔

تاہم شیردل کی سینمافوٹوگرافی واقعی کمال کی ہے جس کا اندازہ ٹریلر کو دیکھ کر ہوجاتا ہے۔

شیر دل کے پروڈیوسر اور رائٹر نعمان خان ہیں جبکہ اظفر جعفری نے اس کی ہدایات دی ہیں جو اس سے قبل جانان اور پرچی جیسی فلموں کو بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔

یہ فلم 22 مارچ کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ایک اور فلم لال کبوتر بھی اسی تاریخ کو ریلیز ہوگی۔