راجہ وسیم حسن

کاروباری برادری بجلی بلوں میں اضافوں پر پریشانی کا شکار ہے،راجہ وسیم حسن

لاہور(لاہورنامہ) پیاف کے تاجر رہنما صدرلوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور راجہ وسیم حسن بجلی بلوں میں مزید2روپے 7پیسے فی یونٹ اضافہ کیلئے تیاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک کی کاروباری برادری کے ساتھ ساتھ عوام بجلی کے بھاری بلوں پر سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں اور ملک گیر ہڑتال کی کال بھی دے دی گئی ہے.

لیکن اس کے باوجود حکومت کی طرف سے بجلی بلوں میں ریلیف نہ دینا ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی بدترین صورتحال پیدا کررہا ہے جس سے ملک میں سول نافرمانی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری بجلی بلوں میں بھاری اضافوں پر پریشانی کا شکار ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے بلوں میں شامل تمام ناجائز ٹیکسز اور ماہانہ اور سہہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ ختم کرکے کاروباری برادری اور عوام کو فوری ریلیف دیا جائے.

راجہ وسیم حسن نے کہا کہ یوٹیلٹی بلوں میں ٹیکسوں کی بھاری شرح ملکی معیشت کو کمزور اور ہوشربا مہنگائی کا سبب ہے اس لیے بلوں کو حکومتی ٹیکس جمع کرنے کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان ، ایران میں بجلی کی فی یونٹ 10روپے سے زائد نہ ہے جبکہ پاکستان میں فی یونٹ قیمت50روپے سے زائد ہے جبکہ کمرشل اس سے کہیں زیادہ ہے جس میں کاروبار کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔