لاہور(لاہورنامہ)آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے جامع مسجد آسٹریلیا میکلورڈ روڈ لاہورکادورہ کیا اور اساتذہ وطلبا سے ملاقات کی،انہوں نے ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے جامع مسجد آسٹریلیا میکلورڈروڈ لاہورکادورہ کیا۔پروفیسر حا فظ محمد گلفام،عبدالوحید ایڈووکیٹ،مولانا ڈاکٹر محمد اسما عیل،مفتی شاہد احمد خان،مفتی عبداللہ و دیگر اساتذہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا،شعبہ حفظ کے طلبا نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد میں شعبہ درس نظامی،دار الافتا،حفظ اور سکول کی کلاسز میں جاکر اساتذہ اور طلبا سے تبادلہ خیال کیا،انہوں نے ادارے کی دینی و عصری علوم کیلئے خدمات کو سراہا.
دورہ آسٹریلیا مسجدکے دوران آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اساتذہ و طلبا سے فصیح و بلیغ عربی زبان میں گفتگو کی اور طلبا و اساتذہ میں گھل مل گئے۔مہتمم جامعہ عثمانیہ و جامع مسجد آسٹریلیا مولانا حافظ ڈاکٹر ملک محمد سلیم عثمانی نے جامع مسجد آسٹریلیاکا دورہ کرنے پر آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کاشکریہ ادا کیا۔