لاہور ( لاہورنامہ) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ قوم پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی غلط معاشی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔
ملک میں تمام ادارے معاشی بحرانوں کا شکار ہو کر تباہی کے دھانے پر پہنچ گے ہیں۔ پی آئی ائے کا خسارہ 12ارب روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حکومت عوام کی زندگی کو مسلسل اجیرن بنا رہی ہے.
مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ رواں سال ترقیاتی بجٹ کا صرف51فیصد استعمال کیا جا سکا ہے۔
متعد د اہم منصوبے التوا کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس قابلیت، اہلیت،صلاحیت کے ساتھ ساتھ ترجیحات کی کمی اور وژن کا فقدان ہے۔یوں لگتا ہے کہ جیسے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے لا تعلق ہو چکی ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک طرف عوام عملا مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گے ہیں۔قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب رہی سہی کسر بجلی کے بلوں نے پوری کر دی ہے۔پٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ قابل مذمت ہے۔