سرگودھا (لاہورنامہ) یونیورسٹی آف سرگودھا کے مین کیمپس، علامہ اقبال کیمپس اور کالج آف ایگریکلچر میں ملٹی پرپز کیفے ٹیریاز کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ مین کیمپس میں ملٹی پرپز کیفے ٹیریا کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے سنگِ بنیاد رکھا۔
اس موقع پرپرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین سمیت مختلف انتظامی و تعلیمی شعبہ جات کے صدور، سربراہان اور کلیدی عہدے داران بھی موجود تھے۔ یہ کیفے ٹیریا”بِلڈ آپریٹ ٹرانسفر ماڈل“ کے تحت تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ بِلڈ آپریٹ ٹرانسفر کا یہ ماڈل پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ ہے۔ بلڈ آپریٹ ٹرانسفر ماڈل کے تحت مین کیمپس میں تعمیر کیے جا رہے ملٹی پرپز کیفے ٹیریا میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منی مارٹ، ملٹی پرپز سٹیشنری شاپ، معیاری فوڈ پوائنٹ، باربی کیو شاپ، پیزا شاپ، فریش جوس شاپ اور کافی شاپ تعمیر کیے جائیں گے۔
ملٹی پرپز کیفے ٹیریا میں 600افراد کیلئے ان ڈور ایئر کنڈیشنڈ اور300افراد کیلئے آؤٹ ڈور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرز پر علامہ اقبال کیمپس اور کالج آف ایگریکلچر میں کیفے ٹیریا قائم کیے جائیں گے جبکہ بِلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر ماڈل کے تحت تمام اخراجات انویسٹر اٹھائیں گے۔ یہ منصوبہ تقریباََ دس ماہ میں مکمل کر کے آپریشنل کیا جائے گا جس سے طلبہ، فیکلٹی اور سٹاف ممبران مستفید ہوں گے۔