پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد نے جہاں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی قسمت بدل دی، وہیں اسٹیڈیم میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی گھڑی بھی نصب کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کے کسی اسٹیڈیم میں بھی شمسی توانائی سے چلنے والی گھڑی موجود نہیں تھی۔
یہ گھڑی بلال آصف نامی ایک نوجوان نے تیار کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ اس واٹرپروف سولر کلاک کا 15 دن کا بیک اپ بھی ہے، تاکہ بارش یا موسم کی تبدیلی میں بھی گھڑی چلتی رہے۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا کے کسی اسٹیڈیم میں بھی سولر کلاک موجود نہیں اور اسی لیے انہوں نے سوچا کہ کچھ ایسا کیا جائے جس سے ملک کا نام روشن ہو۔
بلال آصف نے اپنے والد محمد آصف سے متاثر ہو کر یہ سولر کلاک بنائی، جو ماضی میں اپنے ہاتھوں سے اسٹیڈیم کی گھڑی چلاتے تھے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں شیڈول تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے، جن میں فائنل میچ بھی شامل ہے۔